پی آئی اے کی پرواز میں بم کی اطلاع سے مسافروں میں خوف وہراس
بم کی افواہ کے بعد پاکستانی طیارہ استنبول اتار لیا گیا

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے ایک مسافر طیارے کو بم کی موجودگی کی افواہ کے بعد ہنگامی طور پر استنبول کے ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا ہے۔
ترکی کی نجی نیوزایجنسی دوغان کی جانب سے جاری کردہ فوٹیج کے مطابق بوئنگ طیارے کو استنبول کے اتاترک ہوائی اڈے پر اتارا گیا ہے۔اس میں تین سو اٹھہتر مسافر سوار تھے اور یہ پاکستان کے شہر لاہور سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر جارہا تھا۔
پی آئی اے کے ایک ترجمان مشہود تاجور نے بتایا ہے کہ انھیں ایک ای میل موصول ہوئی تھی جس میں پرواز 709میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی جس کے بعد اس مسافر طیارے کا رُخ استنبول کی جانب موڑ دیا گیا۔اس وقت طیارہ بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے اوپر محو پرواز تھا۔بم کی افواہ سے مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولیہ کی اطلاع کے مطابق طیارہ ہوائی اڈے پر اترنے کے بعد مسافروں کو فوری طور پر ٹرمینل کی عمارت میں منتقل کردیا گیا اور سکیورٹی حکام نے جاسوس کتوں کی مدد سے اس کی مکمل تلاشی لی۔ترجمان کے مطابق طیارے سے کوئی دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا اور اسے دوبارہ تیار کر کے اس کی منزل مقصود مانچسٹر کی جانب روانہ کیا جارہا ہے۔
پی آئی اے کے ایک اور مسافر طیارے کو بھی بم کی افواہ کے بعد ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا ہے۔اس طیارے میں ایک سو چونسٹھ مسافر اور عملے کے تیرہ ارکان سوار تھے اور یہ اسلام آباد سے ملائشیا کے لیے روانہ ہواتھا۔اس میں بھی دوران پرواز ای میل کے ذریعے بم کی اطلاع دی گئی تھی۔ملائشیا کے حکام نے بتایا ہے کہ طیارے کو ہوائی اڈے پر الگ تھلگ کھڑا کر کے اس کی تلاشی لی جارہی ہے اور مسافروں کی بھی سکریننگ کی جارہی ہے۔
No comments:
Post a Comment