راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (دستور) نے اسلام آباد پولیس کو 48گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تھانہ کورال پولیس سینئر صحافی سردار ممتاز پر تشدد کر نے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج اور انہیں گرفتار نہ کیا تو آئی جی پولیس اسلام آباد آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دینگے ۔ صحافیوں پر تشدد اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات آزادی صحافت کو سلب کر نے کے مترادف ہیں ۔ صحافیوں کو اپنے حقوق کے لئے لڑنا ہو گا مرنا ہو گا۔ ان خیالات کااظہا ر آر آئی یو جے (دستور) کے صدر خاور نواز راجہ نے نجی ٹی وی کے سینئر رپورٹر سردار ممتاز پر ہو نے والے تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
اس موقع پر کرائم اینڈ کورٹ رپورٹرز ایسو سی ایشن کے سینئر نائب صدر سلطان شاہ ،ا قبال ملک ، الیکٹرانک میڈیا ایسو سی ایشن کے صدر بابر ملک نے بھی خطاب کیا۔ احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں نے جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں کی کرپٹ انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ سردار ممتاز کو تشدد کا نشانہ بنا نے ، انہیں حبس بے جا میں رکھنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا جائے ۔
آر آئی یو جے (دستور) نے پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج نہ کر نے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسلام آباد پولیس نے 48گھنٹوں میں مقدمہ درج کر کے ملزمان گرفتار نہ کئے تو آئی جی پولیس اسلام آباد آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دینگے۔
No comments:
Post a Comment